زندگی کے میلے میں، خواہشوں کے میلے میں

تم سے کیا کہیں جاناں، اس قدر جھمیلے میں

وقت کی روانی ہے، بخت کی گرانی ہے

سخت بے زمینی ہے، سخت لامکانی ہے

ہجر کے سمندر میں

تخت اور تختے کی ایک ہی کہانی ہے

تم کو جو سنانی ہے

اور عمر بھر کی باتیں کب دو گھڑی میں ہوتی ہیں

درد کے سمندر میں

اَن گنت جزیرے ہیں، بے شمار موتی ہیں

آنکھ کے دریچے میں تم نے جو سجایا تھا

بات اس دیے کی ہے، بات اس گلے کی ہے

جو لہو کی خلوت میں چور بن کے آتا ہے

لفظ کی فصیلوں پر ٹوٹ ٹوٹ جاتا ہے

زندگی سے لمبی ہے، بات رَت جگے کی ہے

راستے میں کیسے ہو

بات تخلیے کی ہے

تخلیے کی باتوں میں گفتگو اضافی ہے

پیار کرنے والوں کو اِک نگاہ کافی ہے

ہوسکے تو سُن جائوایک دن اکیلے میں

تُم سے کیا کہیں جاناں، اس قدر جھمیلے میں

Leave a Comment

Scroll to Top