ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنے پہلے میچ میں نیپال کو شکست دے دی۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں کھیلے گئے اس میچ میں نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز کا ہدف کھڑا کیا۔ کپتان حفصہ خالد نے 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ وحیدہ اختر نے 23 رنز کی شراکت پیش کی۔
ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم صرف 107 رنز تک محدود رہی، جہاں بندو راول نے 39 رنز بنائے۔ پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کو 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر روک دیا۔ انوشہ ناصر نے 3، مومنہ ریاست نے 2 اور وحیدہ اختر نے 1 وکٹ حاصل کی۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں کامیابی سے قدم رکھا ہے۔