لاہور، 8 ستمبر 2025;ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام صارف کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے اور محض تین ہفتوں کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا اوسطاً 1050 روپے مہنگا ہو کر 2500 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق یکم اگست سے اب تک بنوں میں تھیلا 1050 روپے، پشاور اور لاڑکانہ میں 900 روپے، بہاولپور میں 867 روپے، سکھر میں 840 روپے جبکہ لاہور میں 830 روپے تک بڑھ چکا ہے۔ اگرچہ پنجاب حکومت نے 20 کلو تھیلے کا سرکاری نرخ 1810 روپے مقرر کیا ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ تھیلا 2180 سے 2369 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔
ذرائع کے مطابق ایک ماہ قبل گندم 62 روپے کلو تھی جو اب 97 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے، جس سے ڈھائی نمبر آٹا 74 سے بڑھ کر 97 روپے اور فائن آٹا 79 سے بڑھ کر 108 روپے کلو ہو گیا ہے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سرکاری کوٹا ختم ہونے اور امدادی قیمت میں تاخیر سے مارکیٹ میں استحکام ختم ہوا ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزوں نے بھی قیمتیں مصنوعی طور پر بڑھا رکھی ہیں ۔ اگر فوری طور پر 15 لاکھ ٹن گندم کی درآمد نہ ہوئی تو ماہرین کے مطابق آئندہ ماہ آٹا 200 روپے کلو تک جا سکتا ہے۔
حوالہ: تمام تفصیلات Daily Jang ، Dawn Newsاور City 42 کی 5 ستمبر 2025 کی رپورٹس سے اخذ کی گئی ہیں۔