انگلینڈ کے مقبول ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ “دی ہنڈریڈ” میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت پر سیاسی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، اس ٹورنامنٹ کی آٹھ ٹیموں میں سے چار کی جزوی ملکیت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائزز کے پاس ہے، اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ٹیمیں پاکستانی کرکٹرز کو ٹیم میں شامل نہیں کریں گی۔
بی بی سی کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے اس حوالے سے ایک پلیئر ایجنٹ کو آگاہ کر دیا ہے کہ آئی پی ایل ٹیموں کی ملکیت والی فرنچائزز (مانچسٹر سپر جائنٹس، ایم آئی لندن، سن رائزر لیڈز اور سدرن بریو) پاکستانی کھلاڑیوں سے دور رہ سکتی ہیں۔ ایک ایجنٹ نے شکوہ کیا کہ یہ رویہ بھارتی سرمایہ کاری والی ٹیموں کے لیے ایک غیر اعلانیہ قانون بن چکا ہے، جو جنوبی افریقہ کی ایس اے ٹی ٹوئنٹی اور یو اے ای کی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں بھی دیکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سال دی ہنڈریڈ کا پلیئرز آکشن 11 اور 12 مارچ کو منعقد ہوگا جس میں پاکستان کے حارث رؤف سمیت متعدد کھلاڑی شامل ہوں گے۔ تاہم اب یہ دیکھنا ہوگا کہ بھارتی اثر و رسوخ کے تحت یہ ٹیمیں کس طرح کا رویہ اپناتی ہیں۔
ماخذ: جیو نیوز https://www.geonewsurdu.tv/latest/428203-