ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے 33ویں میچ میں نیپال نے ایک شاندار اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسکاٹ لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ممبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ مائیکل جونز نے 45 گیندوں پر 71 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ جارج منزی 27 اور برینڈن مک ملن 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیپال کی جانب سے سومپل کامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے محض 25 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ نندن یادیو کو 2 جبکہ روہت پوڈیل اور کوشال بھرٹیل کو ایک ایک وکٹ ملی۔
171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال نے صرف 19.2 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔ دپیندر سنگھ نے محض 23 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 50 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ کوشال بھرٹیل نے 43 اور آصف شیخ نے 33 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل لیسک نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیپال نے ٹورنامنٹ میں اپنا مقام مستحکم کیا ہے۔ واضح رہے کہ سپر 8 مرحلے کے لیے انڈیا، سری لنکا، زمبابوے، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سمیت 7 ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں۔
ماخد: دنیا نیوز https://urdu.dunyanews.tv/index.php/ur/Sports/935979