دبئی: کرکٹ شائقین کے لیے خوشخبری، پاک بھارت فائنل میچ کے ٹکٹوں کی فروخت کے دوران ایک دلچسپ آفر متعارف کرا دی گئی ہے جس نے شائقین کا جوش و خروش مزید بڑھا دیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس ہائی وولٹیج فائنل کے ٹکٹ چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہونا شروع ہو گئے تھے، تاہم شائقین کی بے پناہ دلچسپی کے پیش نظر ٹکٹنگ کمپنی اور منتظمین نے خصوصی رعایتی پیکجز کا اعلان کر دیا۔
انتظامیہ کے مطابق اگر شائقین فیملی پیک یا گروپ ٹکٹس خریدتے ہیں تو انہیں خاص رعایت دی جا رہی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس تاریخی مقابلے کو اسٹیڈیم میں براہِ راست دیکھ سکیں۔ اس کے علاوہ کچھ ٹکٹنگ پلیٹ فارمز نے “بائے ون، گیٹ ون فری” جیسے آفرز بھی متعارف کروائے ہیں جس نے شائقین کو ٹکٹ خریدنے پر مزید آمادہ کر دیا ہے۔
دبئی اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی اور بھارتی کمیونٹی کے ہزاروں افراد نے پہلے ہی ٹکٹ بک کرا لیے ہیں، جبکہ ہوٹلوں اور سفری سہولیات کی ڈیمانڈ میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق پاک بھارت فائنل دنیا بھر میں کروڑوں افراد دیکھیں گے اور دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم مکمل طور پر کھچا کھچ بھرا ہوگا۔
شائقین کے مطابق اس طرح کی آفرز سے نہ صرف کرکٹ سے محبت کرنے والوں کو سہولت ملے گی بلکہ یہ تاریخی میچ مزید یادگار بن جائے گا۔