اسماعیل بن ابراہیم ( ابن علیہ ) نے ابوحیان سے ، انہوں نے ابوزرعہ بن عمرو بن جریر سے اور انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی،
کہا : رسول اللہ ﷺ ایک دن لوگوں کے سامنے ( تشریف فرما ) تھے ، ایک آدمی آپ ﷺ کے پاس آیا اور پوچھا : اے اللہ کے رسول ! ایمان کیا ہے؟
آپ نے فرمایا :’’ تم اللہ تعالیٰ ، اس کے فرشتوں ، اس کی کتاب ، ( قیامت کے روز ) اس سے ملاقات ( اس کے سامنے حاضری ) اور اس کے رسولوں پر ایمان لاؤ
اور آخری ( بار زندہ ہو کر ) اٹھنے پر ( بھی ) ایمان لے آؤ ۔‘‘ اس نے کہا : اے اللہ کے رسول ! اسلام کیا ہے ؟
آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اسلام یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ ٹھہراؤ
لکھی ( فرض کی ) گئی نماز کی پابندی کرو ، فرض کی گئی زکاۃ ادا کرو ۔ اور رمضان کے روزے رکھو ۔‘‘ اس نے کہا : اے اللہ کے رسول ! احسان کیا ہے ؟
آپ ﷺ نے فرمایا :’’ اللہ تعالیٰ کی عبادت اس طرح کرو گویا تم اسے دیکھ رہے ہو اور اگر تم اسے نہیں دیکھ رہے ہو تو وہ یقیناً تمہیں دیکھ رہا ہے ۔‘‘
اس نے کہا : اے اللہ کے رسول ! قیامت کب ( قائم ) ہو گی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جس سے سوال کیا گیا ہے ، وہ اس کے بارے میں پوچھنے والے سے زیادہ آگاہ نہیں ۔
لیکن میں تمہیں قیامت کی نشانیاں بتائے دیتا ہوں : جب لونڈی اپنا مالک جنے گی تو یہ اس کی نشانیوں میں سے ہے،
اور جب ننگے بدن اور ننگے پاؤں والے لوگوں کے سردار بن جائیں گے تو یہ اس کی نشانیوں میں سے ہے ،
اور جب بھیڑ بکریاں چرانے والے ، اونچی اونچی عمارتیں بنانے میں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گے تو یہ اس کی علامات میں
سے ہے۔ ( قیامت کے وقت کا علم ) ان پانچ چیزوں میں سے ہے جنہیں اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی نہیں جانتا ہے ‘‘ پھر آپ ﷺ نے یہ آیت پڑھی :
’’ بے شک اللہ تعالیٰ ہی کے پاس قیامت کا علم ہے ، وہی بارش برساتا ہے اور وہی جانتا ہے کہ ارحام ( ماؤں کے پیٹوں ) میں کیا ہے ، کوئی ذی روح نہیں جانتا کہ
وہ کل کیا کرے گا ، نہ کسی متنفس کو یہ معلوم ہے کہ وہ زمین کے کس حصے میں فوت ہو گا ، بلاشبہ اللہ تعالیٰ علم والا خبردار ہے ۔‘‘ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے ) کہا :
پھر وہ آدمی واپس چلا گیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ اس آدمی کو میرے پاس واپس لاؤ ۔‘‘ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اسے واپس لانے کے لیے بھاگ دوڑ کرنے لگے
تو انہیں کچھ نظر نہ آیا ، رسول اللہ نے فرمایا :’’ یہ جبریل علیہ السلام تھے جو لوگوں کو ان کا دین سکھانے آئے تھے ۔‘‘
Sahih Muslim#97
کتاب: ایمان کا بیان