ابوبکر بن ابی شیبہ ، ابوکریب اور اسحاق بن ابراہیم سب نے وکیع سے حدیث سنائی ۔ ابوبکر نے کہا : وکیع نے ہمیں زکریا بن اسحاق سے حدیث سنائی ، انھوں نے کہا : مجھے یحیی بن عبداللہ بن صیفی نے ابومعبد سے حدیث سنائی ، انہوں نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اور انھوں نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت کی ( ابوبکر نے کہا : بعض اوقات وکیع کہا ) ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ حضرت معاذ رضی اللہ عنہ نے کہا : مجھے رسول اللہ ﷺ نے بھیجا اور فرمایا :’’ تم اہل کتاب کی ایک قوم کے پاس جا رہے ہو ، انھیں اس کی گواہی دینے کی دعوت دو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں اللہ کا رسول ہوں ۔ اگر وہ اس میں ( تمہاری ) اطاعت کریں تو انھیں بتانا کہ اللہ تعالیٰ نے ان پر ہر دن رات میں پانچ نمازیں فرض کی ہیں ۔ اگر وہ اسے مان لیں تو انہیں بتانا کہ اللہ تعالیٰ نے ان پر صدقہ ( زکاۃ ) فرض کیا ہے جو ان کے مالدار لوگوں سے لیا جائے گا اور ان کے محتاجوں کو واپس کیا جائے گا ، پھر اگر وہ اس بات کو قبول کر لیں تو ان کے بہترین مالوں سے احتراز کرنا ( زکاۃ میں سب سے اچھا مال وصول نہ کرنا ۔ ) اور مظلوم کی بددعا سے بچنا کیونکہ اس ( بددعا ) کے اور اللہ کے درمیان کوئی حجاب نہیں ۔‘‘
Sahih Muslim 121
کتاب: ایمان کا بیان