وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ان کی جماعت کی جانب سے اس حوالے سے جو مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے وہ سیاسی نوعیت کا ہے۔ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف سیاسی بیانات دے کر بشریٰ بی بی کی ملاقاتوں کو بھی بند کرانا چاہتی ہے، اور اگر ایسے بیانات کا سلسلہ جاری رہا تو یہ ملاقاتیں واقعی بند ہو سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا مقصد کسی نہ کسی طرح کوئی واقعہ رونما کر کے سڑکوں پر تحریک شروع کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق عمران خان کا معائنہ جیل میں ہی ممکن ہے اور ڈاکٹروں نے ہی فیصلہ کیا تھا کہ انہیں انجکشن جیل کی بجائے ہسپتال میں لگایا جائے گا۔
ماخذ : دنیا نیوز https://urdu.dunyanews.tv/index.php/ur/Pakistan/936009