وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریلوے نظام کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور معیاری ریلوے نظام ملکی معاشی ترقی اور قومی آمدنی بڑھانے میں انتہائی اہم اور مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلویز سے متعلق امور پر اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی جانب سے وزیر اعظم کو پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات اور نئے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معاشی اور صنعتی ترقی کے لیے ملک بھر کے ریلوے انفراسٹرکچر کی پائیدار بنیادوں پر تعمیر نو کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس کے بغیر ترقی کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ علاقائی تجارت اور روابط کے لیے ریلوے کو جدید بنیادوں پر ترقی دینا قومی پالیسی کا ایک اہم اور لازمی جز ہے اور اس میں کوئی تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز میں مزید سرمایہ کاری کی بے پناہ استطاعت موجود ہے اور بڑے اور اہم ریلوے اسٹیشنز پر جدید انفارمیشن ڈیسکس بنائے جا رہے ہیں جبکہ لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے ریلوے اسٹیشنز پر صفائی ستھرائی کا نظام آؤٹ سورس کیا گیا ہے۔
دوران اجلاس یہ بھی بتایا گیا کہ ٹرینز اور ریلوے اسٹیشنز میں فراہم کی جانے والی خوراک کی نگرانی کے حوالے سے ریلویز اور صوبائی فوڈ اتھارٹیز مل کر کام کر رہی ہیں اور عوام کی سہولت کے لیے عرصہ دراز سے بند سروسز کا دوبارہ آغاز کیا گیا ہے جس میں بولان میل کو حال ہی میں روزانہ سروس کی بنیاد پر شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کے لیے ریلوے کو اپنا نیٹ ورک وسیع کرنے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی اور گوادر کو پاکستان ریلویز نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا کام تیز تر کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات اور نئے منصوبوں کی رفتار پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی ستائش کی اور کہا کہ ریلوے کو بہتر بنانے کی کوششیں قابل تعریف ہیں اور اسی طرح کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان ریلویز کو ایک تیز، سستا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور یہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
حوالہ: ایکسپریس اردو