ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا ہائی وولٹیج میچ شروع ہونے سے پہلے ہی بھارتی میڈیا میں پاکستانی اسپن حملے کو لے کر خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گرین شرٹس کا اسپن ڈیپارٹمنٹ انتہائی مضبوط ہے اور کولمبو کی کنڈیشنز میں یہ بھارتی بلے بازوں کے لیے بڑی مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں پاکستانی اسپنرز ابرار احمد، شاداب خان، محمد نواز، صائم ایوب اور عثمان طارق کو خاص طور پر نمایاں کیا گیا ہے، جن میں سے کسی بھی وقت اسپن اٹیک کو مزید تقویت دینے کی گنجائش موجود ہے۔
بھارتی میڈیا نے واضح کیا ہے کہ نمیبیا اور امریکہ کے خلاف حالیہ میچز میں بھارتی بلے باز اسپنرز کے سامنے مشکلات کا شکار ہوئے، جہاں نمیبیا کے خلاف 5 اور امریکہ کے خلاف 3 بھارتی بلے باز اسپن ڈلیوری پر آؤٹ ہوئے۔ اس صورتحال کو بھارتی ٹیم میں ‘چھوٹی دراڑیں’ قرار دیا جا رہا ہے، جو پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف بڑے ٹورنامنٹ میں خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ بھارت کو ان اسپنرز کو ڈی کوڈ کرنا ہوگا اس سے پہلے کہ پاکستانی بولرز مڈل اوورز میں ان کی بیٹنگ لائن اپ کی رفتار کم کر دیں، کیونکہ میچ کا نتیجہ اسی رفتار پر منحصر ہو سکتا ہے۔