ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں پاکستان اور نمیبیا کے درمیان آج (18 فروری) ایک فیصلہ کن اور اہم میچ کھیلا جائے گا۔ یہ میچ کولمبو میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا، جس میں گرین شرٹس کو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی ہے۔ موجودہ صورتحال کے مطابق گروپ اے سے بھارت پہلے ہی سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جبکہ امریکہ 4 پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ پاکستان کو اگر آج کا میچ جیتنا ہوگا، بصورت دیگر وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتا ہے۔ البتہ اگر بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو ایک پوائنٹ کی بنیاد پر پاکستان سپر ایٹ میں پہنچ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی مینجمنٹ سینئر کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی سے مایوس ہے اور اس اہم میچ میں دو سے تین تبدیلیاں متوقع ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو آج کے میچ میں آرام دیا جا سکتا ہے اور ان کی جگہ بینچ پر موجود نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے نمیبیا کے خلاف میچ سے قبل تین گھنٹے پر مشتمل بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔
ماخذ : دنیا نیوز https://urdu.dunyanews.tv/index.php/ur/Sports/936071