پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسلامیہ جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی لاہور میں ایک اہم ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ایرانی سفیر کا خیرمقدم کیا۔ دونوں طرف سے پاک ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایرانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خصوصی دعوت دی۔ محمد نواز شریف نے زور دے کر کہا کہ اگر مذاکرات کا دروازہ فراخ دلی سے کھلا رکھا جائے تو بات چیت کے ذریعے بڑے سے بڑے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے ایران کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے محمد نواز شریف کو عالم اسلام کا ایک اہم اور عظیم لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دو جسم اور ایک روح کی مانند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام محمد نواز شریف کو پاکستان کی حفاظت کرنے والا ستون سمجھتے ہیں۔ انہوں نے فارسی زبان اور ایرانی طلبہ سے متعلق امور حل کرانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔