بیجنگ: دنیا کی مشہور آٹو موبائل کمپنی بی وائی ڈی (BYD) نے ایک نئی سمارٹ اور کم قیمت الیکٹرک کار متعارف کرا دی ہے جسے ماہرین مستقبل کی شہری ٹرانسپورٹ کا بہترین حل قرار دے رہے ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس الیکٹرک کار کی خاص بات اس کی کم قیمت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی ہے۔ گاڑی میں خودکار پارکنگ سسٹم، ایڈوانس نیوی گیشن، وائرلیس چارجنگ، ٹچ اسکرین ڈیش بورڈ اور AI ڈرائیونگ اسسٹنٹ شامل ہیں۔ یہ نئی الیکٹرک کار ایک بار مکمل چارج ہونے پر 420 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتی ہے، جبکہ اس میں فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس کی بدولت یہ صرف 15 منٹ میں 80 فیصد چارج ہو جاتی ہے۔
بی وائی ڈی کے مطابق اس گاڑی کی قیمت تقریباً 12 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً 34 لاکھ پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے، جو موجودہ عالمی مارکیٹ میں دیگر الیکٹرک گاڑیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ سستی ہے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ گاڑی کا ڈیزائن نوجوان طبقے اور شہری صارفین کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ یہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے ساتھ ایندھن کی بچت میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کار ایشیائی اور یورپی مارکیٹس میں الیکٹرک گاڑیوں کی طلب میں مزید اضافہ کرے گی اور مستقبل میں کم بجلی استعمال کرنے والی گاڑیوں کی نئی دوڑ شروع کرے گی۔