لاہور میں بھکاری مافیا کے خلاف پولیس کی کارروائی جاری ہے اور یکم جنوری سے اب تک ایک سو سات بھکاریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت یہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس کارروائی کا خاص ہدف وہ منظم گروہ ہیں جو بچوں اور خواتین کو ڈھال بنا کر بھیک منگواتے ہیں، ان کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کمسن بچوں کو گداگری پر مجبور کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور بچوں کا مستقبل تباہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ایسے مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق شہر سے بھکاری مافیا کے مکمل خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ بچوں کو محفوظ اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
ماخذ: سٹی 42 نیوز