کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ایک رہائشی عمارت میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والے شدید دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔ یہ المناک واقعہ بدھ کی صبح تقریباً 4 بجے پیش آیا، جس میں عمارت کا کچھ حصہ گر گیا۔ پولیس اور ریسکیو اداروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ تین منزلہ عمارت ہے جس کی ہر منزل پر ایک کمرہ ہے، تاہم تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اب تک ملبے سے نکالی گئی 12 لاشوں میں 4 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈئیر واجد کے مطابق دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین کی وجہ سے ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ماخذ : جیو نیوز https://www.geonewsurdu.tv/latest/428130-