اسلام آباد کے علاقے جی سیون ٹو آبپارہ میں ایک شادی کے گھر میں گیس لیکج سے دھماکے کا المناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں کی تعداد 12 بتائی گئی ہے، جن میں سے 9 کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دلہا شہریار، دلہن مہک اور دلہے کی والدہ سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد شامل ہیں، جنہیں ایچ ایٹ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ باقی 2 افراد کی آخری رسومات آج (12 جنوری) ادا کی جائیں گی۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق یہ دھماکا شادی کی تقریب والے گھر کے پڑوس میں ہوا، جس کی زد میں آ کر چار مکانات تباہ ہو گئے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے مطابق اتوار کی صبح 7 بج کر 20 منٹ پر دھماکے کی اطلاع ملی تھی۔ اس سانحے نے شادی کی خوشیاں غم میں بدل دی ہیں۔