اسلامآباد: قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان کے لیے نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 28 سے 31 جولائی کے دوران طوفانی بارش، گلیشیئر پھٹنے (GLOF) اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سیلاب کا خطرہ شدت اختیار کر سکتا ہے ۔ اعلامیے کے مطابق گلگت، سکردو، ہنزہ اور شگر کے نشیبی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ تیز بارش کے ساتھ درجہ حرارت میں اضافے سے شیشپر، بارپو اور خردوپین سمیت متعدد گلیشیئرز پر بنی جھیلوں کے پھٹنے کا امکان بڑھ گیا ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور شاہراہ قراقرم کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ممکن ہے ۔ مقامی انتظامیہ نے پہلے ہی سیاحوں کو غیر ضرری سفر ملتوی کرنے اور دیہاتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔
این ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122 اور فوجی دستوں کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے ایمرجنسی سینٹرز اور عارضی کیمپ قائم کر دیے ہیں ۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمیاتی اپڈیٹس اور الرٹس پر مسلسل نظر رکھیں اور سیلابی ریلوں یا لینڈ سلائیڈنگ کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔
ذریعہ: سماء نیوز، ایکسپریس اردو، ڈان نیوز – 30 جولائی 2025۔