کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ٹوڈ گرین برگ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اس قانون پر تنقید کی ہے جو خراب روشنی کی صورت میں کھیل روکنے کا حکم دیتا ہے۔ انہوں نے اس قانون میں فوری تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مقصد کے لیے آسٹریلوی کرکٹ کے پلیٹ فارم کو استعمال کریں گے۔
یہ ردعمل سڈنی ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے بعد آیا، جب خراب روشنی کی وجہ سے کھیل جلد ختم کرنا پڑا تھا اور اس دن صرف 45 اوورز ہی کھیلے جا سکے۔ گرین برگ نے کہا کہ “ہم تفریح کے کاروبار میں ہیں، میں کسی ایسے کاروبار کے بارے میں نہیں سوچ سکتا جو اپنے شائقین کے سامنے بار بار میدان چھوڑ دے۔” ان کا ماننا ہے کہ اس روز زیادہ کرکٹ ہونی چاہیے تھی۔سی ای او نے واضح کیا کہ ان کی تنقید کا مقصد کھلاڑیوں کی حفاظت کو کم اہم قرار دینا نہیں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا: “کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے۔” تاہم، ان کا مؤقف ہے کہ جدید ٹیکنالوجی جیسے بلند و بالا لائٹ ٹاورز کی موجودگی میں، خراب روشنی کے مسئلے کا کوئی نہ کوئی حل نکالا جانا چاہیے تاکہ کھلاڑیوں کو میدان چھوڑنے کی ضرورت نہ پڑے۔انہوں نے آئی سی سی پر زور دیا کہ وہ ایک مثبت اور ترقی پسند تبدیلی لائے، جس سے نہ صرف شائقین کے لیے زیادہ کرکٹ ممکن ہو بلکہ کھلاڑیوں کی سلامتی بھی برقرار رہے۔
ماخذ: جیو نیوز اردو