بنگلہ دیش کے نئے وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب کل 17 فروری 2026ء کو منعقد ہوگی جس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کریں گے۔ جیو نیوز اردو کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بیرون ملک دورے کے باعث اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے، تاہم وہ جلد بنگلہ دیش کا علیحدہ دورہ کر کے نئے وزیراعظم کو ذاتی طور پر مبارکباد دیں گے۔
ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے نئے وزیراعظم اور ارکان پارلیمنٹ کی حلف برداری کی اس تقریب میں پاکستان سمیت چین، سعودی عرب، بھارت، ترکی، متحدہ عرب امارات، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا اور نیپال سمیت مختلف ممالک کے سربراہان اور نمائندگان کو مدعو کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش کے حالیہ انتخابات میں قومی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے واضح برتری حاصل کی تھی۔ جیو نیوز اردو کے مطابق الیکشن کمیشن بنگلہ دیش کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نتائج میں بتایا گیا ہے کہ 299 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بی این پی نے 209 نشستیں لے کر واضح برتری حاصل کر لی ہے جبکہ جماعت اسلامی 68 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ طلبہ کی جماعت نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) نے 6 نشستیں حاصل کی ہیں۔
حوالہ : جیو نیوز https://www.geonewsurdu.tv/latest/427864-