کوئٹہ میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایک خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ یہ دہشتگرد مستونگ کے علاقے دشت میں موجود ہیں اور کوئٹہ-سبی شاہراہ پر ناکہ بندی کر کے سیکیورٹی فورسز اور شہری ٹریفک کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کی ٹیمیں علاقے میں پہنچیں اور نگرانی شروع کی، جس پر دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ دونوں فریقین کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے کچھ ساتھی پہاڑی علاقے میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے ٹھکانے سے پانچ کلاشنکوف، سات دستی بم اور تین موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ماخذ: جی این این ایچ ڈی ٹی وی اردو