ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کے مطابق ڈکی بھائی کی گرفتاری کے پیچھے ڈاکٹر عفان قیصر کا کردار ہے
مقبول سوشل میڈیا یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کی حالیہ گرفتاری پر مبینہ طور پر بہت سے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ ٹک ٹاکر ندیم نانی والا نے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران اس معاملے سے متعلق تہلکہ خیز الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی ذمہ داری سوشل میڈیا شخصیت ڈاکٹر عفان قیصر پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے مطابق ڈاکٹر عفان قیصر نے ہی متعلقہ حکام کو وہ معلومات اور روابط فراہم کیے تھے جن کی بنیاد پر کارروائی عمل میں آئی۔
ندیم نانی والا کا دعویٰ ہے کہ این سی سی آئی اے (NCCIA) کے افسران کی جانب سے ڈاکٹر عفان قیصر کے ذریعے انہیں خود ایک “ڈیل” کی پیشکش کی گئی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر عفان قیصر نے ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے چوہدری سرفراز کو ڈکی بھائی کے مالی معاملات سے متعلق تفصیلات فراہم کر کے یہ تاثر دیا کہ اصل مالی حیثیت ڈکی بھائی کی ہے۔ ندیم نانی والا کے مطابق، اسی بنیاد پر نہ صرف ڈکی بھائی بلکہ دیگر سوشل میڈیا شخصیات کو بھی مبینہ طور پر ڈیلز کی پیشکش کی گئی۔
ندیم نانی والا نے کہا کہ ان کے پاس ڈاکٹر عفان قیصر کے خلاف شواہد موجود ہیں جنہیں وہ مناسب وقت پر پیش کریں گے۔ ان کا الزام ہے کہ ڈاکٹر عفان قیصر ماضی میں بھی کئی پاکستانی یوٹیوبرز کے خلاف منفی مہم چلا چکے ہیں اور سوشل میڈیا پر ویوز اور توجہ حاصل کرنے کے لیے انہیں نشانہ بناتے رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
ماخذ: سٹی 42