لندن / لاہور: معروف برطانوی تعلیمی ادارے امپیریل کالج لندن نے پنجاب حکومت کے لاہور میں کیمپس کے قیام سے متعلق دعوؤں کی تردید کر دی ہے۔ کالج کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ “امپیریل کالج لندن کا لاہور یا پاکستان میں کسی کیمپس کے قیام کا کوئی منصوبہ موجود نہیں”۔
ترجمان کے مطابق کالج کی پالیسی کے تحت کسی بھی بین الاقوامی اشتراک یا کیمپس کے قیام سے متعلق خبریں صرف ادارے کی جانب سے جاری کی جاتی ہیں، جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے اس ضمن میں کیا گیا اعلان بغیر تصدیق کے ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پنجاب حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ امپیریل کالج لندن کا پہلا کیمپس لاہور میں قائم کیا جائے گا، جو صوبے کے تعلیمی شعبے میں ایک بڑا قدم قرار دیا گیا تھا۔ تاہم، اب کالج کی باضابطہ تردید کے بعد حکومت کے اس دعوے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی ترجمان ٹیم جلد اس معاملے پر وضاحت جاری کرے گی۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے دعوے بغیر تصدیق کے کرنے سے حکومت کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔