لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں آوارہ کتوں کے حملوں میں اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں خصوصاً بچوں کا زخمی ہونا ناقابل برداشت ہے، ضلعی انتظامیہ فوری اور مؤثر کارروائی کرے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کو مختلف شہروں سے آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافے کی رپورٹس موصول ہوئیں جن پر انہوں نے نوٹس لیتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، لہٰذا بلدیاتی ادارے، واسا اور محکمہ صحت باہمی رابطے سے آوارہ کتوں کے خاتمے، ویکسینیشن اور شہری آگاہی مہم کو فوری طور پر شروع کریں۔
انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی یقینی دستیابی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایسے واقعات ناقص بلدیاتی کارکردگی کی علامت ہیں، ذمہ داران کے خلاف کارروائی سے گریز نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں خود اس معاملے کی نگرانی کر رہی ہوں، عوام کا تحفظ کسی بھی تاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا۔‘‘
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے آوارہ کتوں کی نشاندہی اور تلفی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جبکہ شہری علاقوں میں کچرے کی صفائی کے عمل کو بھی تیز کر دیا گیا ہے۔