لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں بیوٹی پارلرز پر ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے چھوٹے کاروباروں کو سہولت دینا حکومت کی ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے بیوٹی پارلرز پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی تھی جس پر وزیر اعلیٰ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خواتین کے روزگار سے منسلک ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر کوئی اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خواتین انٹرپرینیورشپ پروگرام کو مزید وسعت دے رہی ہے، تاکہ گھریلو اور نجی سطح پر کاروبار کرنے والی خواتین کو مالی اور فنی معاونت فراہم کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت آئندہ مالی پالیسی میں بیوٹی پارلرز اور خواتین کے چھوٹے کاروباروں کے لیے خصوصی ٹیکس ریلیف پیکیج متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔ اس فیصلے کو کاروباری حلقوں اور خواتین تنظیموں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔