لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا اور کئی دنوں سے جاری شدید حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، اوکاڑہ، اور سرگودھا سمیت مختلف علاقوں میں بادلوں نے ڈیرے ڈالے رکھے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں علی الصبح ہلکی بارش کے بعد موسم معتدل ہوا، جبکہ دوپہر کے وقت کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش نے شہریوں کے چہروں پر خوشی بکھیر دی۔ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کے تعطل کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت شمالی اور وسطی پنجاب کے کئی شہروں میں مزید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ ہفتے کے آخر تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس سے درجہ حرارت معمول پر آنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب شہریوں نے خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کیا، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ چائے اور پکوڑوں کی مانگ میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔