نئی دہلی (23 جولائی 2025): بی جے پی زیرِ قیادت حکومت نے بدھ کے روز پارلیمنٹ میں نیشنل اسپورٹس گورننس بل 2025 پیش کر کے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو مکمل طور پر قانونی دائرے میں لانے کا غیر معمولی اقدام کیا ہے۔ بل منظور ہونے کی صورت میں بی سی سی آئی کو قومی اسپورٹس فیڈریشنز کی صف میں شامل کر کے قومی اسپورٹس ٹریبونل کے تحت انتخابی اختلافات اور انتخابی کارروائیوں کا حتمی حل قرار دیا جائے گا، اگرچہ بورڈ مالی لحاظ سے وزارتِ کھیل پر انحصار نہیں کرتا ۔
بل کے تحت بی سی سی آئی کو ہر سال قومی اسپورٹس بورڈ سے تازہ تسلیم نامہ حاصل کرنا ہوگا اور تمام مقدمات، انتخابی تنازعات اور کھلاڑیوں کی شکایات اب نیشنل اسپورٹس ٹریبونل میں ہی زیرِ سماعت رہیں گے، جس سے عدالتوں کی بار بار مداخلت کا خاتمہ متوقع ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شفافیت، کھلاڑیوں کے حقوق اور 2036 اولمپکز کی میزبانی کی تیاری ہے، جبکہ بی سی سی آئی کا موقف ہے کہ وہ بل کی تفصیلات دیکھے بغیر کوئی حتمی ردعمل نہیں دے گا ۔